پارہ4 لن تنالو
سورہ آلِ عمران (مدنی )
رکوع 7
آیات 149سے155
اے لوگو
جو ایمان لائے ہو
اگر
تم اُن لوگوں کے اشاروں پر چلو گے
جنہوں نے کُفر کی راہ اختیار کی ہے
تو وہ تم کو الٹا پھیر لے جائیں گے
اور
تم نامراد ہو جاؤ گے
(اُن کی باتیں غلط ہیں )
حقیقت یہ ہے
کہ
اللہ تمہارا حامی و مدد گار ہے
اور
وہ بہترین مدد کرنے والا ہے
عنقریب وہ وقت آنے والا ہے
جب ہم
منکرینِ حق کے دلوں میں رعب بِٹھا دیں گے
اس لئے کہ
انہوں نے اللہ کے ساتھ
اُن کی خدائی میں شریک ٹھہرایا ہے
جن کے شریک ہونے پر
اللہ نے کوئی سند نازل نہیں کی
ان کا آخری ٹھکانہ جہنم ہے
اور
بہت ہی بری ہے وہ قیام گاہ
جو ان ظالموں کو نصیب ہوگی
اللہ نے( تائید و نصرت کا)
جو وعدہ تم سے کیا تھا
وہ تو اُس نے پورا کر دیا
ابتداء میں اس کے حکم سے
تم ہی ان کو قتل کر رہے تھے
مگر
جب تم نے کمزوری دکھائی
اور
اپنے کام میں باہم اختلاف کیا
اور
جونہی کہ
وہ چیز اللہ نے تمہیں دکھائی
جس کی محبت میں تم گرفتار تھے
(یعنی مالِ غنیمت )
تم اپنے سردار کے حکم کی خلاف ورزی کر بیٹھے
اس لئے کہ
تم میں سے کچھ لوگ دنیا کے طالب تھے
اور
کچھ آخرت کی خواہش رکھتے تھے
تب
اللہ نے تمہیں
کافروں کے مقابلہ میں پسپا کر دیا
تاکہ
تمہاری آزمائش کرے
اور
حق یہ ہے کہ
اللہ نے پھر بھی تمہیں معاف ہی کر دیا
کیونکہ
مومنوں پر اللہ بڑی نظرِ عنایت رکھتا ہے
یاد کرو
جب تم بھاگے چلے جا رہے تھے
کسی کی طرف پلٹ کر دیکھنے تک کا
ہوش تمہیں نہ تھا
اور
رسولﷺ
تمہارے پیچھے تم کو پکار رہا تھا
اُس وقت تمہاری اس روش کا بدلہ
اللہ نے تمہیں یہ دیا
کہ
تم کو رنج پر رنج دیے
تاکہ
آئیندہ کے لیے
تمہیں یہ سبق ملے
کہ
جو کچھ تمہارے ہاتھ سے جائے
یا
جو مصیبت تم پر نازل ہو اُس پر ملول نہ ہو
اللہ تمہارے سب اعمال سے با خبر ہے
اس غم کے بعد
پھر
اللہ نے تم میں سے کچھ لوگوں پر
ایسی اطمینان کی سی حالت طاری کر دی
کہ
وہ اونگھنے لگے
مگر
ایک دوسرا گروہ
جس کیلئے ساری اہمیت بس اپنی ذات ہی کی تھی
اللہ کے متعلق طرح طرح کے جاہلانہ گمان کرنے لگا
جو سراسر خلافِ حق تھے
یہ لوگ اب کہتے ہیں
کہ
اس کام کے چلانے میں ہمارا بھی کوئی حصہ ہے ؟
اُن سے کہو
(کسی کا کوئی حصہ نہیں )
اس کام کے سارے اختیارات
اللہ کے ہاتھ میں ہیں
دراصل
یہ لوگ
اپنے دلوں میں جو بات چھپائے ہوئے ہیں
اُسے تم پر ظاہر نہیں کرتے
ان کا اصل مطلب یہ ہے
کہ
اگر (قیادت کے) اختیارات میں
ہمارا کچھ حصہ ہوتا
تو
یہاں ہم نہ مارے جاتے
اُن سے کہ دو
کہ
اگر
تم اپنے گھروں میں بھی ہوتے
تو
جِن لوگوں کی موت لکھی ہوئی تھی
وہ خود اپنی قتل گاہوں کی طرف نکل آتے
اور
یہ معاملہ جو پیش آیا یہ تو اِس لئے تھا
کہ
جوکچھ تمہارے سینوں میں پوشیدہ ہے
اللہ اُسے آزما لے
اور
جو کھوٹ تمہارے دِلوں میں ہے
اُسے چھانٹ دے
اللہ دِلوں کا حال خوب جانتا ہے
تم میں سے جو لوگ
مقابلہ کے دن پیٹھ پھیر گئے تھے
اُن کی اس لغزش کا سبب یہ تھا
کہ
اُن کی بعض کمزوریوں کی وجہ سے
شیطان نے ان کے قدم ڈگمگا دیے تھے
اللہ نے انہیں معاف کر دیا
اللہ بہت درگزر کرنے والا بُردبار ہے