پارہ 16 قال الم

سورةُ طٰہٰ مکیةُ 19

رکوع 11

آیات 25 سے 54

موسیٰؑ نے عرض کیا

پروردگار میرا سینہ کھول دے

اور

میرے کام کو میرے لیے آسان کر دے

اور

میری زبان کی گرہ سلجھا دے

تا کہ

لوگ میری بات سمجھ سکیں

اور

میرے لیے میرے اپنے کنبے سے

ایک وزیر مقرر کر دے

ہارونؑ جو میرا بھائی ہے

اس کے ذریعہ سے

میرا ہاتھ مضبوط کر

اور اس کو میرے کام میں شریک کر دے

تا کہ

ہم خوب تیری پاکی بیان کریں

اور

خوب تیرا چرچا کریں

تو ہمیشہ

ہمارے حال پر نگران رہا ہے

فرمایا

دِیا گیا

جو تو نے مانگا

اے موسیٰ ؑ ہم نے پھر

ایک مرتبہ تجھ پر احسان کیا

یاد کر

وہ وقت جب کہ

ہم نے تیری ماں کو اشارہ کیا

جو وحی کے

ذریعہ سے ہی کیا جاتا ہے

کہ

اس بچے کو صندوق میں رکھ دے

اور

صندوق کو دریامیں چھوڑ دے

دریا اسے ساحل پے پھینک دے گا

اور

اسے میرا دشمن

اور

اس بچے کا دشمن اٹھا لے گا

میں نے اپنی طرف سے

تجھ پر محبت طاری کر دی

اور

ایسا انتظام کیا کہ

تو میری نگرانی میں پالا جائے

یاد کر

جب کہ

تیری بہن چل رہی تھی

پھر جا کر کہتی ہے

اس کا پتہ دوں

جو اس بچے کی

پرورش اچھی طرح کرے؟

اس طرح ہم نے تجھے

پھر

تیری ماں کے پاس پہنچا دیا

تا کہ

اس کی آنکھ ٹھنڈی

وہ رنجیدہ نہ ہو

اور

( یہ بھی یاد کر کہ )

تو نے ایک شخص کو قتل کر دیا تھا

ہم نے تجھے اس پھندے سے نکالا

اور

تجھے مختلف آزمائشوں سے گزارہ

اور

تو مدین کے لوگوں میں کئی سال ٹھہرا رہا

پھر

اب ٹھیک اپنے وقت پر تو آگیا ہے

اے موسٰی ؑ میں نے تجھ کو

اپنے کام کا بنا لیا ہے

جا تو اور تیرا بھائی

میری نشانیوں کے ساتھ

ٌ اور

دیکھو

تم میری یاد میں تقصیر نہ کرنا

جاؤ تم دونوں فرعون کے پاس

کہ

وہ سرکش ہو گیا ہے

اسے نرمی کے ساتھ بات کرنا

شائد کہ

وہ نصیحت قبول کرے یا ڈر جائے

دونوں نے عرض کیا کہ

پروردگار ہمیں اندیشہ ہے

کہ وہ

ہم پر زیادتی کرے گا

یا

پِِل پڑے گا

فرمایا

ڈرو مت میں تمہارے ساتھ ہوں

سب کچھ سن رہا ہوں

اور

دیکھ رہا ہوں

جاؤ اس کے پاس

اور کہو کہ

ہم تیرے ربّ کے فرستادے ہیں

بنی اسرائیل کو ہمارے ساتھ

جانے کے لئے چھوڑ دے

اور

اُن کو تکلیف نہ دے

ہم تیرے پاس

تیرے ربّ کی نشانی لے کر آئے ہیں

اور

سلامتی ہے

اس کے لئے جو

راہِِ راست کی پیروی کرے

ہم کو وحی سے بتایا گیا ہے

کہ

عذاب ہے اس کے لئے

جو جھٹلائے اور منہ موڑے

فرعون نے کہا

اچھا

تو پھر

تم دونوں کا ربّ کون ہے؟

اے موسٰیٰؑ ؟

موسیٰؑ نے جواب دیا

ہمارا ربّ وہ ہے

جس نے ہر چیز کو اُس کی ساخت بخشی

پھر اس کو راستہ بنایا

فرعون بولا

اور پہلے جو نسلیں گزر چکی ہیں

ان کی پھر کیا حالت تھی؟

موسیٰؑ نے کہا

اس کا علم میرے ربّ کے پاس

ایک نوشتے میں محفوظ ہے

میرا ربّ نہ چوکتا ہے

اور

نہ بھولتا ہے

وہی جس نے تمہارے لیے

زمین کا فرش بچھایا

اور اس میں

تمہارے چلنے کو راستے بنائے

اور

اوپر سے پانی برسایا

پھر اس کے ذریعہ سے

مختلف اقسام کی پیدا وار نکالی

کھاؤ اور اپنے جانوروں کو بھی چراؤ

یقینا

اس میں بہت سی نشانیاں ہیں

عقل رکھنے والوں کے لئے