پارہ ومامن دآبّة 12

سورة ھُود 11 مکیة

رکوع 10

آیات 110 سے 123

ہم اس سے پہلے

موسیٰؑ کو بھی کتاب دے چکے ہیں

اور

اِس کے بارے میں بھی اختلاف کیا گیا تھا

(جِس طرح

آج اس کتاب کے بارے میں کیا جا رہا ہے

جو تمہیں دی گئی ہے )

اگر

تیرے رب کی طرف سے ایک بات

پہلے ہی طے نہ کر دی گئی ہوتی

تو اِن اختلاف کرنے والوں کے درمیان

کبھی کا فیصلہ چُکا دیا گیا ہوتا

یہ لوگ اس کی طرف سے شک

اور

خِلجان میں پڑے ہوئے ہیں

اور

یہ بھی واقعہ ہے کہ

تیرا رب

انہیں ان کے اعمال کا پورا پورا بدلہ دے کر رہے گا

یقینا

وہ اِن کی سب حرکتوں سےبا خبر ہے

پس اے نبیﷺ

تم اور تمہارے وہ ساتھی

جو ( کُفرو بغاوت سے ایمان و اطاعت کی طرف )پلٹ آئے ہیں

ٹھیک ٹھیک راہِ راست پر ثابت قدم رہو

جیسا کہ

تمہیں حُکم دیا گیا ہے

اور

بندگی کی حد سے تجاوز نہ کرو

جو کچھ تم کر رہے ہو

اس پر تمہارا رب نگاہ رکھتا ہے

اِن ظالموں کی طرف ذرا نہ جھکنا

ورنہ

جہنم کی لپیٹ میں آجاؤ گے

اور

تمہیں

کوئی ایسا ولی اور سرپرست نہ ملے گا

جو اللہ سے تمہیں بچا سکے

اور

کہیں سے تم کو مدد نہ پہنچے گی

اور دیکھو

نماز قائم کرو

دِن کے دونوں سروں پر

اور

کچھ رات گزرنے پر

درحقیقت نیکیاں برائیوں کو دور کر دیتی ہیں

یہ ایک یاد دہانی ہے

اُن لوگوں کے لئے جو خُدا کو یاد رکھنے والے ہیں

اور

صبر کر

اللہ نیکی کرنے والے کا اجر کبھی ضائع نہیں کرتا

پھر

کیوں نہ اِن قوموں میں جو تم سے پہلے گزر چکی ہیں

ایسے اہلِ خیر موجود رہے

جو لوگوں کو زمین میں فساد برپا کرنے سے روکتے ؟

ایسے لوگ نکلے تو بہت کم

جِن کو ہم نے

اِن قوموں سے بچا لیا

ورنہ

ظالم لوگ تو انہی مزوں کے پیچھے پڑے رہے

جِن کے سامان ان کو فراوانی سے دیے گئے تھے

اور

وہ مجرم بن کر رہے

تیرا رب ایسا نہیں ہے

کہ

بستیوں کو نا حق تباہ کر دے

حالانکہ

اِن کے باشندے اِصلاح کرنے والے ہوں

بے شک

تیرا رب اگر چاہتا تو

تمام انسانوں کو ایک گروہ بنا سکتا تھا

مگر

اب تو وہ مختلف طریقوں پر ہی چلتے رہیں گے

اور

بے راہروی سے صرف وہ بچیں گے

جِن پر تیرے رب کی رحمت ہے

اسی (آزادی و انتخاب واختیار اور امتحان ) کے لیے

تو اِس نے انہیں پیدا کیا ہے

اور

تیرے رب کی وہ بات پوری ہو گئی

جو اس نے کہی تھی کہ

میں جہنم کو جِنوں اور انسانوں سے بھر دوں گا

اور

اے نبیﷺ یہ پیغمبروں کے قصے جو ہم تم کو سناتے ہیں

یہ وہ چیزیں ہیں

جس کے ذریعہ سے

ہم تمہارے دل کو مضبوط کرتے ہیں

اِن کے اندر تم کو حقیقت کا علم ملا

اور

ایمان لانے والوں کو نصیحت اور بیداری نصیب ہوئی

رہے وہ لوگ جو ایمان نہیں لا تے

تو اُن سے کہہ دو کہ

تم اپنے طریقے پر کام کرتے رہو

اور

ہم اپنے طریقے پر کئے جاتے ہیں

انجام کار

کا تم بھی انتظار کرو اور ہم بھی منتظر ہیں

آسمانوں اور زمین میں جو کچھ چھپا ہوا ہے سب

اللہ کے قبضہ قدرت میں ہے

اور

سارا معاملہ اسی کی طرف رجوع کیا جاتا ہے

پس

اے نبیﷺ تو اِس کی بندگی کر

اور

اِسی پر بھروسہ رکھ

جو کچھ تم لوگ کر رہے ہو

تیرا رب اِس سے بے خبر نہیں ہے